🌷 *قرآنی پاروں کے بنیادی موضوعات*
تالیف: پروفیسر عمر بن عبد اللہ بن محمد المُقبِل، القصیم یونیورسٹی، سعودی عرب
ترجمہ: محمد شاهد یار محمد سنابلی
☆☆ *اٹھارہواں پارہ* ☆☆
1- سورہ مومنون کی ابتدائی آیات میں ذکر کئے گئے اوصاف کو پڑھتے ہوئے کیا آپ نے کبھی خود سے یہ سوال کیا کہ آپ کے اندر ان میں سے کون سے اوصاف موجود ہیں؟
2- نوح علیہ السلام کے قصے میں غور کیجیے۔ کیسے اللہ تعالی نے انھیں یاد دہانی کرائی کہ وہ اللہ کی تعریف و توصیف بیان کریں کہ اللہ تعالی نے انہیں ظالم قوم سے نجات دلائی ہے۔
3- انبیائے کرام کے بعض قصوں کا مختصرتذکرہ ہے۔ اس کا مقصد نبی ﷺ کے دل کو تسلی دینا اور ڈھارس بندھانا ہے۔
4- جانکنی کے عالم اور موت کے وقت کی منظر کشی، صور پھونکنے کا ذکر، اللہ کی آیات جھٹلانے والوں کے انجام كار اور جہنم میں اللہ کی ان پر پھٹکار کا بیان ہے۔
5- سورہ مومنون کی پہلی آیت ہے ﴿قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ ﴾(المومنون 1) یقینا مومن کامیاب ہوگئے۔ اور آخری آیت ہے ﴿إِنَّهُ لَا يُفْلِحُ الْكَافِرُونَ ﴾(المومنون117) کافر کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دونوں آیتوں کے درمیان کتنا عظیم فرق ہے؟
6- سورہ نور کی ابتدائی آیات میں زنا اور بہتان تراشی کی حد اور لعان کے حکم پر گفتگو کی گئی ہے۔ گویا یہ بیان کر کے برائی اور بے حیائی کو روکنے اور معاشرے میں اسے پھیلنے سے بچانے کے لیے مضبوط چہار دیواریاں قائم کر دی گئی ہیں۔
7- واقعہ افک (تہمت کے واقعہ) سے بات کی تحقیق اور زبان کی حفاظت کے متعلق ہمیں کئی عبرت و نصیحت کی باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں۔ اور اس سے زبان کی عظیم سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے۔
8- اس واقعے سے ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے شریفانہ اوصاف نمایاں ہوتے ہیں۔ لہذا قرآن كو جھٹلانے والوں سے ہوشیار رہیں۔
9- مومن مرد و خواتین کے درمیان برائی و بے حیائی پھیلانے کی خواہش پر زجر و توبیخ کی گئی ہے۔ کیونکہ معاشرے کی تباہی اور بربادی میں اس کا بڑا اہم کردار ہے۔
10- کسی کے تکلیف دینے پر عفو درگزر کا حکم دیا گیا ہے۔ بالخصوص تکلیف دینے والا اگر کوئی اپنا قریبی ہو۔
11- گھروں میں داخل ہونے سے پہلے اجازت لینے کا حکم،نیز نگاہ نیچے رکھنے اور شرمگاہ کی حفاظت کی ہدایت دی گئی ہے۔
12- اس پارے میں شادی کی ترغیب، اس پر اللہ کی طرف سے کشادہ رزق کا وعدہ، شادی کی استطاعت نہ ہونے کی صورت میں عفت و پاکدامنی اختیار کرنے کا حکم اور زنا کی حرمت کا بیان ہے۔
13- اللہ نے جو اپنے نور کی مثال دی ہے اس مثال میں غور و فکر کریں اور اپنے رب سے اس نور کی طرف ہدایت کی دعا مانگیں۔ پھر اس کے بعد اس نور الٰہی سے محروم لوگوں کی جو مثال دی گئی ہے اس میں غور کریں اور اپنے رب سے عافیت و سلامتی کی دعا مانگیں۔ کتنے سارے لوگ ایسے ہیں جو اعلیٰ ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود اس نور سے محروم ہیں۔
14- اس پارے میں منافقین کی بعض علامتیں بیان کی گئی ہیں اور اللہ کے حکم سے منہ موڑنے کی علامت کو نمایاں طور پر ذکر کیا گیا ہے۔
15- اللہ تعالی نے تین شرطوں کی بنیاد پر اہل ایمان کو زمین میں خلافت و تمکنت کا وعدہ فرمایا ہے:
پہلی شرط: نماز قائم کرنا
دوسری شرط: زکوۃ دینا
تیسری شرط: امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دینا۔
16- گھروں میں داخل ہونے کے لئے بچوں کے اجازت طلب کرنے کا تفصیلی حکم، نیز عمر رسیدہ خواتین کے پردہ کرنے کا بیان ہے۔ اور یہ سب عفت و پاکدامنی کی وہ چہار دیواریاں جو اس سورہ نور کے ذریعے تعمیر کی گئی ہیں۔ اس کے بعد عزیزواقارب کے گھروں میں کھانے کا حکم بیان کیا گیا ہے۔
17- سورہ نور کے اختتام پر اللہ کے رسول ﷺ کو مخاطب کرتے وقت ادب و احترام کا پاس و لحاظ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
18- سورہ فرقان کی ابتدا میں اس قرآن کو نازل کرنے والے کی تعریف و توصیف بیان کی گئی ہیں۔ چنانچہ (غور کیجئے) آپ اپنے حصے میں قرآن کی کتنی برکت سمیٹے ہوئے ہیں۔
19- قرآن کریم اور رسول اکرم ﷺ کے بارے میں مشرکین کے شبہات کی تردید کی گئی ہے۔
•┈┈┈••⊰✵✵⊱••┈┈┈•

Pingback: فہرست : قرآنی پاروں کے بنیادی موضوعات – Kifayatullah Sanabili