🌷 *قرآنی پاروں کے بنیادی موضوعات*
تالیف: پروفیسر عمر بن عبد اللہ بن محمد المُقبِل، القصیم یونیورسٹی، سعودی عرب
ترجمہ: محمد شاهد یار محمد سنابلی
☆☆ *انتیسواں پارہ* ☆☆
1- سورۃ الملک اللہ کی عظیم الشان بادشاہت کے آثار اور نشانیاں آشکارا کرتی ہے۔ آپ ان نشانیوں میں غور و فکر کریں اس سے اللہ جل جلالہ کے تئیں آپ کے دل میں ہیبت و عظمت پیدا ہوگی۔
2- سورۃ الملک میں مشرکین کے لئے وعید اور دھمکی بھی ہے۔ کیونکہ جس پروردگار کی یہ صفت اور عظمت ہو بھلا کیسے کوئی شخص اس کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا ہے۔
3- سورۃ القلم میں اخلاق کے متعلق تفصیلی گفتگو ہے۔ نبی ﷺ کے عظیم الشان اخلاق کی تعریف کی گئی ہے۔ کفر کے ایک سرغنہ اور سردار کے برے اخلاق کا ایک نمونہ پیش کیا گیا ہے۔
4- باغ والوں کے قصے سے بخیلوں کی ناکامی اور محرومی کا پتہ چلتا ہے۔
5- سورہ حاقہ میں رسولوں کو جھٹلانے والی قوموں کے برے انجام کا موثر بیان ہے۔ تو کیا کوئی ہے جو اس سے عبرت و نصیحت حاصل کرے؟
6- اسی سورت میں قیامت کی ہولناکیوں كى زبردست منظر کشی کی گئی ہے۔ اللہ رب العزت کے عظیم الشان عرش کے کچھ اوصاف بیان کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد نامہ اعمال پیش کئے جانے کے منظر کا تفصیلی تذکرہ ہے۔
7- اس سورت کے آخر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جو قرآن اللہ کے رسول لے کر آئے ہیں وہ برحق ہے اس میں کسی طرح کا شک و شبہ نہیں۔ اس کو شعر اور جادو کہنا ایسا تضاد ہے جو ایک عقل مند شخص کے لئے زیب نہیں دیتا۔
8- سورہ معارج میں قیامت کی بعض ہولناکیوں کا تذکرہ ہے۔ تو کہاں ہیں غور و فکر کرنے والے؟
9- اسی سورت میں جنتیوں کے بعض اوصاف کا تذکرہ کرتے ہوئے پہلے نماز اور پھر آخر میں بھی نماز کا ذکر ہے۔ لہذا اس نکتہ پر غور فرمائیں۔
10- سورہ نوح میں نوح علیہ السلام کی دعوت کا تذکرہ ہے۔ اور قوم کے عناد اور ہٹ دھرمی کے پیش نظر دعوت میں مختلف اسلوب و انداز اپنانے میں ان کی جدوجہد کا بیان ہے۔
11- اس سورت میں استغفار کے فوائد و ثمرات کا بیان ہے۔ اور والدین کے لئے دعا کرنے کا خصوصی ذکر ہے۔
12- سورۃ الجن میں جنات کے اسلام لانے کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ اور یہ بتایا گیا ہے کہ ان میں مسلمان بھی ہیں اور کافر بھی۔
13- اس سورت میں مشرکین کے لیے وعید اور دھمکی بھی ہے۔ کہانت اور علم غیب کا دعویٰ کرنے کی تردید بھی کی گئی ہے۔
14- سورۃ المزمل میں اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ صبر کے ساتھ عبادت بالخصوص تہجد کی نماز دعوت الی اللہ کی پریشانیاں جھیلنے میں سب سے زیادہ معاون اور مددگارثابت ہوتی ہیں۔
15- سورۃ المدثر میں دعوت الی اللہ کی ترغیب دی گئی ہے۔ اس دعوت کے مخالفین اور معاندین کی ایک مثال بیان کی گئی ہے۔ پھر ان دشمنوں کے انجام کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
16- سورۃ القیامہ میں قیامت کے دن کا اور قیامت کے دن سے پہلے اور اس کے بعد کا منظر بیان کیا گیا ہے۔ آپ نے اس دن کے لئے کیا تیاری کی ہے؟
17- سورۃ القیامہ میں لفظ انسان کا ذکر چھ مرتبہ آیا ہے۔ اس کا کیا مطلب ہے کبھی آپ نے اس پر غور و فکر کیا؟
18- سورہ انسان میں کافروں کو ملنے والے عذاب کا مختصر تذکرہ ہے۔ جبکہ ان نعمتوں کا تفصیلی ذکر ہے جو اہل ایمان کا انتظار کر رہی ہیں۔
19- سورہ مرسلات میں متعدد دلائل کے ذریعے مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے اور جزا و سزا کے اثبات کا بیان ہے۔ اسی لیے اس سورت میں قیامت کو جھٹلانے والوں کو بار بار دھمکی دی گئی ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے: ﴿وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِلْمُكَذِّبِينَ﴾(التحریم 3) ترجمہ :اس دن جھٹلانے والوں کے لئے سخت ہلاکت ہے۔
•┈┈┈••⊰✵✵⊱••┈┈┈•

Pingback: فہرست : قرآنی پاروں کے بنیادی موضوعات – Kifayatullah Sanabili