☆☆ *چھٹا پارہ* ☆☆

You are currently viewing ☆☆ *چھٹا پارہ* ☆☆

☆☆ *چھٹا پارہ* ☆☆

🌷 *قرآنی پاروں کے بنیادی موضوعات*
تالیف: پروفیسر عمر بن عبد اللہ بن محمد المُقبِل، القصیم یونیورسٹی، سعودی عرب
ترجمہ: محمد شاهد یار محمد سنابلی
☆☆ *چھٹا پارہ* ☆☆
① اس پارے میں اہل کتاب کا ذکر ہے۔ نیز موسی علیہ السلام سے ان کی گفتگو اور مریم و عیسی علیہما السلام کے بارے میں ان کے عقیدے اور موقف کا بیان ہے۔
② اس پارےمیں غلو اور مبالغہ آرائی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ غلو بندے کے دین کے لیے خطرناک شئ ہے اگرچہ اسے دین کا جامہ پہنا دیا جائے۔
③ اس پارے میں سورہ مائدہ کا بڑا حصہ موجود ہے۔ مدینہ میں نازل ہونے والی آخری سورتوں میں سے یہ ایک ہے۔ اس میں اپنے پرائے، دوست اور دشمن سبھی لوگوں بلکہ کفار کے ساتھ عہد و پیمان کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی گئی ہے۔ تاکہ ایک مومن اس عظیم اصول ﴿أَوْفُوا بِالْعُقُودِ﴾( المائدة : 1 ) (عہد و پیمان پورے کرو) کا پاس و لحاظ رکھنے کی اپنے اندر عادت ڈالے۔
④ اس سورت میں اٹھارہ (1)ایسے احکام و مسائل بیان کئے گئے ہیں جو دوسری سورتوں میں موجود نہیں۔ نیز اس میں کسی منسوخ حکم کا ذکر نہیں۔ اس لیے آپ ان تمام احکام یا بعض احکام کو جاننے کی کوشش کریں۔
⑤ اس سورت کے ابتدائی حصے میں کھانے کی بعض حرام اور حلال اشیاء کا تفصیلی بیان ہے۔
⑥ اس پارے میں آیتِ وضو ہے جس میں بعض ان چیزوں کا تذکرہ ہے جن سے وضو اور غسل واجب ہوتا ہے۔
⑦ اللہ کی خاطر گواہی دینے اور اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی انصاف کرنے کا حکم ہے۔ کیونکہ عدل و انصاف ہر ایک کے ساتھ ضروری ہے۔
⑧ اہل کتاب کے ساتھ تعامل اور برتاؤ کيسا ہو اس سلسلے میں اللہ اور رسولوں کے ساتھ ان کے تعلق اور برتاؤ کو جاننا اور سمجھنا ضروری ہے۔
⑨ مقدس سرزمین میں داخل ہونے کے لئے موسی علیہ السلام کی اپنی قوم سے اپیل ، علی الاعلان حق بات کہنے کی فضیلت، لوگوں کو کارخیر کی ترغیب دینے میں پہل، نصرت و مدد اور نجات حاصل کرنے میں اللہ پر سچا توکل اپنانے کا اثر۔
⑩ اس پارے میں ناحق قتل کی سنگینی، فساد فی الارض کی قباحت و شناعت اور لوگوں کو حسی اور معنوی زندگی بخشنے کی فضیلت کا بیان ہے۔
⑪ اس بات کا ذکر ہے کہ تمام آسمانی کتابیں اللہ کی طرف سے نازل کردہ ہیں اور جو اللہ کے نازل کردہ حکم کے مطابق فیصلہ نہ کرے اس کا حکم تفصيل سے بیان کیا گیا ہے۔
⑫ یہود و نصاریٰ سے محبت و دوستی کی حرمت اور شرعی خلاف ورزیوں پر علماء کی خاموشی کی سنگینی کا بیان ہے۔
⑬ عیسی علیہ السلام کے بارے میں عیسائیوں کے شبہ کی تردید کی گئی ہے۔ پھر انہیں توبہ کی پیشکش کی گئی ہے۔ یقینا اللہ رب العزت بڑا شفیق ومہربان ہے۔
•┈┈┈••⊰✵✵⊱••┈┈┈•
حاشیہ:
(1) تفسیربغوی میں ابو میسرہ کی روایت ہے فرماتے ہیں کہ اللہ تعالی نے سورہ مائدہ کے اندر اٹھارہ ایسے احکام بیان فرمائے ہیں جو کسی دوسری سورت میں نہیں ہیں۔ پھر انھوں نے درج ذیل 18 احکام کا ذکر کیا:
1-الۡمُنۡخَنِقَةُ: وه جانور جو گلا گھٹنے سے مرا ہو اس کی حرمت۔
2-ٱلۡمَوۡقُوذَةُ: جو کسی ضرب سے (جیسے پتھر یا لاٹھی وغیرہ مارنے سے) مر گیا ہو اس کی حرمت۔
3-ٱلۡمُتَرَدِّيَةُ: جو اونچی جگہ سے گر کر مرا ہو اس کی حرمت۔
4-ٱلنَّطِيحَةُ: جو کسی کے سینگ مارنے سے مرا ہو اس کی حرمت۔
5-وَمَآ أَكَلَ ٱلسَّبُعُ: جسے درندوں نے پھاڑ کھایا ہو اس کی حرمت۔
6-ومَا ذُبِحَ عَلَى ٱلنُّصُبِ: جو آستانوں پر ذبح کیا گیا ہو اس کی حرمت۔
7-أَن تَسۡتَقۡسِمُواْ بِٱلۡأَزۡلَٰمِۚ [ المائدة: 3 ] قرعہ کے تیروں کے ذریعے فال نکالنے کی حرمت۔
8-وَمَا عَلَّمۡتُم مِّنَ ٱلۡجَوَارِحِ مُكَلِّبِينَ [ المائدة: 4 ] شکاری جانوروں کے ذریعے شکار کیا ہوا جانور حلال ہے۔
9-وَطَعَامُ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ حِلّٞ لَّكُمۡ [ المائدة: 5 ] اہل کتاب کا ذبیحہ حلال ہے۔
10-وَٱلۡمُحۡصَنَٰتُ مِنَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ مِن قَبۡلِكُمۡ [ المائدة: 5 ] اہل کتاب کی پاک دامن عورتیں حلال ہیں۔
11-يَأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِذَا قُمۡتُمۡ إِلَى ٱلصَّلَوٰةِ [ المائدة: 6 ] وضو، غسل، تیمم تمام پاکی کے مسائل اس آیت میں بیان کئے گئے ہیں۔
12-وَٱلسَّارِقُ وَٱلسَّارِقَةُ [ المائدة: 38 ] چوری کرنے والے مرد اور عورت کے ہاتھ کاٹنے کا مسئلہ۔
13-لَا تَقۡتُلُواْ ٱلصَّيۡدَ وَأَنتُمۡ حُرُمٞۚ [ المائدة: 95 ] حالت احرام میں شکار کو قتل کرنے کی ممانعت۔
14- 15- 16- 17- مَا جَعَلَ ٱللَّهُ مِنۢ بَحِيرَةٖ وَلَا سَآئِبَةٖ وَلَا وَصِيلَةٖ وَلَا حَامٖ [ المائدة: 103 ] ان چاروں جانوروں کی حرمت جنہیں اہل عرب اپنے بتوں کی نذر کر دیا کرتے تھے۔
18-يَأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ شَهَٰدَةُ بَيۡنِكُمۡ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ ٱلۡمَوۡتُ [ المائدة: 106 ] موت کے وقت وصیت میں دو عادل گواہوں کے موجود ہونے کی مشروعیت۔

This Post Has One Comment

Leave a Reply